کراچی: عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں 8 ڈالر فی اونس کی کمی ہوئی جس کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں بھی سونے کی قیمتوں میں مزید کمی ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کے ریٹ میں 8 ڈالر کمی ہوئی جس کے بعد فی اونس بھاؤ کی قیمت 1215 تک پہنچی، انٹرنیشنل مارکیٹ میں کمی کا اثر مقامی مارکیٹوں پر بھی پڑا۔
تاجروں کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت میں 400 روپے کی کمی ہوئی جس کے بعد قیمت 55ہزار 600 روپے تک پہنچی جبکہ 10 گرام سونا 343 روپے کمی کے بعد 47 ہزار 668 روپے تک پہنچا۔
مزید پڑھیں: سونے کی فی تولہ قیمتوں میں مزید کمی
صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق کراچی، حیدر آباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی خرید و فروخت نئے داموں کے ساتھ ہوئی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں ہونے والےعام انتخابات کے بعد سے ڈالر کی قدر میں نمایاں کمی دیکھی گئی جس کے باعث سونے کی قیمتوں میں 3100 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔
25 جولائی کے بعد سے مسلسل مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی فی تولہ قیمتیں نیچے آرہی تھیں کہ دو روز قبل بھاؤ میں پھر اضافہ ہوا تھا تاہم اب عالمی مارکیٹ میں فی اونس کمی کے بعد پھر قیمتیں نیچے آنے لگیں۔