نیویارک : عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے ، سونے کی قیمت پانچ ہفتے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
ایشیائی منڈیوں میں سونے کی فی اونس قیمت میں 6ڈالر 20سینٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ایشیائی منڈیوں میں سونے کی فی اونس کی قیمت 1187 ڈالر 30 سینٹس ہوگئی۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں کمی کے باوجود مقامی سطح پر سونے کی قیمتوں میں معمولی اضافہ رہا اور فی تولہ سونے کی قیمت100روپے اضافے سے50000 ہوگئی۔
دس گرام سونے کی قیمت86روپے اضافے سے 42857روپے رہی جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت750روپے کی سطح پر مستحکم ریکارڈ کی گئی۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق عالمی سطح پر ڈالر کی قدر میں کمی کے باعث سونے کی قیمت بڑھ رہی ہے۔
اس سے قبل لندن میں اسپاٹ گولڈ کی قیمتوں میں 1.5فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور مستقبل میں خریداری کے معاہدے 1179.09ڈالر فی اونس میں طے پائے، یو ایس گولڈ فیوچرز کے تحت سونے کی قیمتوں میں ساڑھے 14ڈالر فی اونس اضافہ ہوا اور مستقبل میں خریداری کے معاہدے 1179.60ڈالر فی اونس میں طے پائے۔
سنگا پور میں اسپاٹ گولڈ کی قیمتوں میں 1.3فیصد اضافہ ہوا اور مستقبل میں خریداری کے معاہدے 1178.36ڈالر فی اونس میں طے ہوئے، نیو یارک میں اسپاٹ گولڈ کی قیمتوں میں 0.2فیصد اضافہ ہوا اور مستقبل کے سودے 1167.83ڈالر فی اونس میں طے پائے۔
خیال رہے کہ یہ قیمت 9دسمبر کے بعد سونے کی بلند ترین سطح ہے۔