کراچی: پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 400 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں کمی کا رجحان رہا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق آل پاکستان جیولرز مینوفیکچررز ایسوسی ایشن محمد ارشد کا کہنا ہے کہ ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت 400 روپے اضافے کے بعد ایک لاکھ 16 ہزار 100 روپے ہوگئی۔
فی تولہ قیمت میں اضافے کے بعد 10 گرام سونے کی قیمت میں 343 روپے اضافہ ہوا جس کے بعد دس گرام سونے کی قیمت 99 ہزار 537 روپے ہوگئی۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں اضافے کا رجحان رہا، سونا 14 ڈالر اضافے کے بعد 1919 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ ہوا۔
دوسری جانب انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، ڈالر 15 پیسے سستا ہوکر 5 ماہ کی کم ترین سطح 162.13 روپے پر بند ہوا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز حصص بازار میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال رہا، 100 انڈیکس میں کاروبار 579 پوائنٹس اضافے سے 41 ہزار 535 کی سطح پر بند ہوا۔