اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کورونا سے چھٹکارا پالیا ہے اور اب وہ پاکستان سپر لیگ سیون کے اگلے میچوں میں اپنی ٹیم کوئٹہ گلیڈیئٹر کو دستیاب ہوں گے۔
پاکستان سپرلیگ شروع ہوا تو شائقین کے ساتھ کوئٹہ گلیڈیئٹر کو بھی سخت دھچکا لگا جب شاہد آفریدی کورونا وبا کا شکار ہونے کے باعث قرنطینہ میں چلے گئے، لیکن اب کوئٹہ گلیڈیئٹر کے ساتھ شائقین کرکٹ کے لیے بھی اچھی خبر آگئی ہے۔
شاہد آفریدی کورونا سے چھٹکارا پانے کے بعد آئندہ میچوں میں اپنی ٹیم کے لیے میدان میں موجود ہوں گے۔
ٹیم مینیجر اعظم کے مطابق شاہد آفریدی نے اپنا آئسولیشن پیریڈ مکمل کرلیا ہے اور وہ کل ٹیم ہوٹل آجائیں گے جہاں ان کا اینٹی جین ٹیسٹ ہوگا۔
ٹیم منیجر نے بتایا کہ ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے پر شاہد آفریدی کو تین روزہ قرنطینہ کے عمل سے نہیں گزرنا ہوگا۔
منیجر اعظم کے مطابق رپورٹ منفی آنے کے بعد وہ تین فروری کے میچ کے لیے ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے آغاز سے قبل شاہد آفریدی کی کورونا رپورٹ مثبت آنے کے بعد انہوں نے خود کو اپنے گھر میں قرنطینہ کرلیا تھا جب کہ کوئٹہ گلیڈیئٹر نے ان کی جگہ حسان خان کو متبادل کے طور پر شامل کرنے کی درخواست کی تھی جو منظور ہوگئی تھی۔