توانائی بحران سے دوچار پاکستان کے لیے تیل و گیس کے شعبے سے اچھی خبر آگئی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے ضلع سجوال میں شاہ بندر بلاک سے تیل وگیس کی پیداوار شروع ہو گئی۔ جھم ایسٹ ایکس ون کنویں سے ایک کروڑ مکعب فٹ گیس کی پیداوار کا آغاز ہو گیا۔
ایکس ون سے 150 بیرل یومیہ تیل کی پیداوار بھی شروع ہوگئی ہے۔ اس حوالے سے پاکستان پٹرولیم لمٹیڈ نے اسٹاک ایکسچینج کو آگاہ کر دیا گیا۔
پی پی ایل کے مطابق نئی گیس سسٹم میں شامل ہونے سے گیس کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی، قومی سسٹم میں نئی تیل و گیس شامل ہونے سے زرمبادلہ کی بھی بچت ہوگی۔
معاہدہ
پاکستان کا آذربائیجان سے گیس سپلائی کا معاہدہ ہو گیا ہے۔ یہ معاہدہ پاکستان اسٹیٹ آئل اور آذربائیجان کی سوکار کمپنی کے درمیان گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ ہوا ہے۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کی منظوری کے بعد دونوں ممالک کے درمیان گیس سپلائی کا معاہدہ ہوا ہے اور اس کی تفصیلات پاکستان اسٹیٹ آئل نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ارسال کردی ہیں۔
مراسلے کے مطابق پاکستان اسٹیٹ آئل اور سوکار معاہدے کی منظوری 24 دسمبر کو موصول ہوئی ہے۔ پی ایس او کو معاہدے پر دستخط کی اجازت وزارت توانائی نے 3 دسمبر کو دی تھی۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان معاہدہ توانائی کے شعبے میں بڑا قدم ہے اور یہ گیس سپلائی معاہدہ مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان کو کئی سال سے توانائی (گیس) بحران کا سامنا ہے جو موسم سرما میں مزید بڑھ جاتا ہے۔
ان دنوں بھی موسم سرما میں پاکستان بھر میں گیس کا بدترین بحران جاری ہے اور شہریوں کو لوڈ منیجمنٹ کرتے ہوئے مختصر مدت کے لیے صبح، دوپہر اور رات کے اوقات میں گیس فراہم کی جا رہی ہے جب کہ کئی علاقوں میں مستقل گیس بندش کی شکایات سامنے آئی ہیں۔
گزشتہ دنوں سوئی سدرن گیس کمپنی نے خبردار کیا ہے کہ اس کے قدرتی گیس کے ذخائر میں بڑی کمی واقع ہوئی ہے۔