اسلام آباد: کینیا میں موجود وہ پاکستانی جو سعودی عرب جانا چاہتے ہیں ان کے لیے کینیائی وزیرخارجہ ریچل اومامو نے جلد معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کینیا کی وزیر خارجہ ریچل اومامو سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا اس دوران دونوں ممالک کے تعلقات، تجارتی واقتصادی تعاون اور افغان صورت حال سمیت دیگر امور پر گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر شاہ محمود کا کہنا تھا کہ پاکستان کینیا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، انگیج افریقہ پالیسی ہماری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان کینیا سے اقتصادی، تجارتی اور دفاعی تعاون کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے سیکیورٹی کونسل صدارت کا منصب سنبھالنے پر کینیا وزیر خارجہ کو مبارکباد بھی دی۔
دونوں وزرائے خارجہ میں افغانستان کی ابھرتی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ شاہ محمود کا یہ بھی کہنا تھا کہ قریبی ہمسایہ ہونے کے ناطے افغانستان میں انسانی اور معاشی بحران پرتشویش ہے، افغانستان میں صورت حال خراب ہوئی توبہت سے مضمرات سامنے آئیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری افغانوں کو انسانی اور معاشی معاونت کے لیے اقدامات کرے۔
دریں اثنا شاہ محمود قریشی نے نیروبی میں سعودی عرب جانے کے منتظر پاکستانیوں کی معاونت کی درخواست کی جس پر کینیا کے وزیر خارجہ نے پاکستانیوں کو جلد معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔