دنیا کا سب سےبڑا سرچ انجن’گوگل‘ آج باقاعدہ بالغ ہوگیا ہے اور اپنی اٹھارویں سالگرہ منارہا ہے‘ کمپنی کی اپنی سالگرہ پر اینی میٹڈ ڈوڈل دنیا بھر میں دیکھا جاسکتا ہے۔
گوگل ڈوڈل ‘ بین الاقوامی سرچ انجن کے آن سکرین لوگو کا نام ہے جسے وہ اکثر اہم دنیاوی معاملات کی مناسبت سے تبدیل کردیا کرتا ہے۔
گوگل کا قیام 1998 میں عمل میں آیا ‘ اس کے مالکان لیری پیج اور سرگئے برن نے اس کی بنیاد رکھی تھی اور آج گوگل ایپل کے بعد دنیا کی سب سے امیر ترین کمپنی ہے۔
تاہم ایسا لگتا ہے کہ گوگل جو کہ ساری دنیا کے بارے میں جانتا ہے اپنی سالگرہ کے اصل دن سے خود بھی واقف نہیں ہے، 2006 سے گوگل نے اپنی سالگرہ 27 ستمبر کو منانا شروع کی تاہم اس سے قبل گوگل اپنی سالگرہ 26 ستمبر کو منا رہا تھا۔
صرف یہی نہیں بلکہ گوگل نے اپنی چھٹی سالگرہ 7 ستمبر کو منائی تھی اور اسے سے پہلے یہ سالگرہ ستمبر کی آٹھ تاریخ کو منائی گئی تھی حالانکہ مذکورہ بالا میں سے کوئی بھی گوگل کی حقیقی سالگرہ نہیں ہے۔
گوگل پر موجود اس کے اپنے کلینڈر کے مطابق کمپنی کا قیام ستمبر کی 4 تاریخ کو عمل میں لایا گیا تھا۔ یا در رہے کہ گوگل کی تشکیل اسٹین فورڈ یونی ورسٹی کے ریسرچ پراجیکٹ کے طور پر ہوئی تھی۔
گوگل نے 2013 میں تسلیم کیا کہ اس نے چار مختلف تاریخوں پر سالگرہ منائی ہے تاہم اب یہ سالگرہ کئی سالوں سے 27 ستمبر کو ہی منائی جارہی ہے اور یہ وہ دن ہے جب گوگل نے 2002 میں پہلی بار اپنی سالگرہ کے لیے ڈوڈل کا استعمال کیا تھا۔
گوگل کی جانب سے پاکستانیوں کوجشن آزادی کی مبارک باد
گوگل نے آج کا ڈوڈل استاد نصرت فتح علی خان کے نام کردیا
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان کے جشن آزادی اور استاد نصرت فتح علی خاں کی سالگرہ کے موقع پر گوگل نے اپنا ڈوڈل پاکستانی صارفین کے لیے تبدیل کیا تھا۔