اسلام آباد: حکومت نے کورونا ویکسین دوست ملک چین سے خریدنے کا فیصلہ کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سربراہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) اسد عمر کی زیر صدارت کورونا ویکسین کی خریداری سے متعلق خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں کورونا ویکسین کی دستیابی سے متعلق صورت حال پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر فواد چوہدری، حماد اظہر، ثانیہ نشتر، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے کورونا ویکسین کی خریداری دوست ملک چین سے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، حکومت نے ہیلتھ کیئر ورکرز کے لیے کورونا ویکسین سائینو فارم سے خریدنے کا فیصلہ کیا۔
واضح رہے کہ سائینو فارم چین کی سرکاری کورونا ویکسین ساز فارما کمپنی ہے۔
علاوہ ازیں اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ عالمی سطح پر کورونا ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کا سلسلہ جاری ہے، مختلف ممالک ویکسین کی بروقت دستیابی کے لیے ہنگامی فیصلے کررہے ہیں۔
ڈریپ کے ماہرین نے خصوصی کمیٹی کو بریفنگ دی کہ کلینیکل ٹرائلزکے ابتدائی ڈیٹاکی بنیادپرویکسین کی بکنگ جاری ہے، ڈریپ کوروناویکسین کےدستیاب کلینکل ٹرائلزکاجائزہ لےرہا ہے، ایک کمپنی نےڈریپ کوکلینیکل ٹرائلزکاتفصیلی ڈیٹاجمع کرایاہے۔
ماہرین نے بتایا کہ چینی کمپنی پاکستان کوکوروناویکسین بروقت فراہم کر سکتی ہے، چینی ویکسین کےاستعمال کاانحصارڈریپ کی اجازت سےمشروط ہوگا۔
ڈریپ ماہرین نے بریفنگ دی کہ فرنٹ لائن ہیلتھ کیئرورکرزکوکوروناویکسین مفت لگائی جائےگی،ہیلتھ ورکرزکیلئےویکسین آئندہ سال کی پہلی سہ ماہی میں دستیاب ہوگی۔
خصوصی کمیٹی نے کہا کہ ڈریپ کورونا ویکسین سےمتعلق نجی شعبےکی حوصلہ افزائی کرے جبکہ اجلاس میں ویکسین کی بکنگ کیلئےکمپنیزسےرابطےجاری رکھنےکافیصلہ کیا گیا۔