اسلام آباد: سرکاری ملازمین کی تنخواہیں اور مراعات بڑھانے سے متعلق مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج گورنمنٹ ایمپلائیزگرینڈ الائنس کی تنخواہ اور مراعات بڑھانے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت وزیر دفاع پرویز خٹک نے کی، اجلاس میں وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان اور آل گورنمنٹ ایمپلائیز گرینڈ الائنس کے نمائندوں نے شرکت کی۔
مذاکرات میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ کیے جانے سے متعلق پیش رفت ہوئی، اجلاس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور مراعات کے حوالے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کا حتمی فیصلہ اگلے ہفتے فنانس ٹیم سے مل کر کیا جائے گا۔
وزیر دفاع پرویز خٹک نے اجلاس میں کہا حکومت ملازمین کی فلاح پر یقین رکھتی ہے، ملک معاشی ترقی کر رہا ہے، اور وسائل میں اضافہ ہو رہا ہے، اس لیے ملازمین کی تنخواہوں میں ضرور اضافہ کریں گے۔
پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ تنخواہوں میں موجودہ تضادات کو ختم کرنے کی کوشش کریں گے، اور پے اینڈ پنشن کمیشن کی سفارشات کو جلد حتمی شکل دیں گے۔