ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

حکومت کہیں نہیں جا رہی اور نہ کوئی تبدیلی ہورہی ہے، پرویز خٹک

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ حکومت کہیں نہیں جا رہی اور نہ کوئی تبدیلی ہورہی ہے،عمران خان پہلے سے زیادہ پر اعتماد ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے انسداد دہشت گردی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہفتے بیس دن میں آرمی چیف سے ملاقات ہو جاتی ہے، آخری ملاقات کب ہوئی ہے یہ بتانا مناسب نہیں سمجھتا۔

پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ ہمارے اتحادی ہمارے ساتھ ہیں اور ساتھ ہی رہیں گے، پتہ نہیں آپ کو کیوں نظر آ رہا ہے کہ حکومت جا رہی ہے؟ میں آپ کو یقینی سے کہتا ہوں کہ حکومت کہیں نہیں جا رہی اور نہ کوئی تبدیلی ہورہی ہے۔

وزیر دفاع نے صحافیوں سے کہا کہ ٹی وی نے فساد ڈالا ہوا ہے، سوچ لیں کہیں شرمندگی نہ ہوجائے۔

ایک صحافی نے سوال کیا آپ کے ماتحت ادارے واقعی نیوٹرل ہو گئے ہیں؟ جس پر وفاقی وزیر نے کہا حکومت اور اسٹیبلشمنٹ ایک ہوتے ہیں جب یہ ایک نہ ہوں ملک نہیں چل سکتا، کسی کوغلط فہمی نہ ہوکہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ الگ الگ ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم شرافت کی سیاست کرتے ہیں، دم اعتماد کی تحریک والے دن ہمارا کوئی رکن پارلیمنٹ نہیں جائے گا۔

سیاسی ملاقاتوں سے متعلق پرویز خٹک نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، اگر عدم اعتماد کی تحریک میں حصہ لینے کا شوق ہے تو استعفی دیکر مقابلہ کرے ، جو جانا چاہےاستعفیٰ دے پھر جائے،ورنہ عوام کو جواب دینا پڑے گا ، عدم اعتماد کی تحریک والے دن ہمارا کوئی رکن پارلیمنٹ نہیں جائے گا۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ عمران خان پہلے سے زیادہ پر اعتماد ہے ، عدم اعتماد کی تحریک والے دن دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا ، اپوزیشن کی تمام جماعتیں  ایک دوسرے کے خلاف ہیں، ان سب کا ایک ہی مقصد ہے عمران خان کو ہٹانا لیکن عوام جانتی ہے کہ عمران خان ملک کے لیے کھڑا ہے۔

پارلیمنٹ حملہ کیس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ جس دن پارلیمنٹ حملہ ہوا میں گھر پر سویا ہوا تھا ، مخالفین نے معلوم نہیں کیوں میرا نام مقدمے میں ڈالا، مخالفین کو کہوں گا کہ سوچ سمجھ کر کام کیا کرو۔

اہم ترین

مزید خبریں