اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ادویات کی قیمتوں میں بلا جواز اورغیر قانونی اضافہ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے بعض دوا ساز کمپنیوں کی جانب سے ادویات کی قیمتوں میں بلا جواز اضافے پر ایکشن لے لیا۔
وفاقی وزیر صحت عامر کیانی نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ کچھ دوا ساز کمپنیوں نے دواؤں کی قیمت از خود بڑھا لی ہیں، کچھ دواؤں کی قیمتوں میں 9 فی صد اضافہ کیا گیا۔
کچھ ادویہ ساز کمپنیوں نے ادویات کی قیمت از خود بڑھا لی ہے.. کچھ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ 9 فیصد کیا گیا. ان ادویات کے علاوہ یا اس سے زیادہ اضافہ کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور اب اس میں مزید تیزی لائی جا رہی ہے.
— Aamer Mehmood Kiani (@Aamer_KianiPTI) April 3, 2019
عامر کیانی نے کہا کہ از خود قیمتیں بڑھانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، قیمتیں بڑھانے والی کمپنیوں کے خلاف کارروائی میں تیزی لائی جا رہی ہے۔
وزیرِ صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے بھی اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی معاملے کا جائزہ خود لے رہے ہیں۔
مارکیٹ میں مخلتف کمپنیوں کی ادوایات کے من مانے ریٹ کے معاملے پر صوبائی وزیر صحت نے موبائل ایپ بنانے کا اعلان کر دیا ہے، یاسمین راشد نے کہا کہ جلد موبائل ایپ بنائی جائے گی جس سے عوام ادویات کی قیمتیں دیکھ سکیں گے۔
وزیر صحت پنجاب نے کہا کہ من مانے ریٹ پر ادویات فروخت کرنے والی کمپنیوں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اے آر وائی نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ مارکیٹ میں ایک دوائی کو مختلف کمپنیاں من مانی ریٹ پر فروخت کر رہی ہیں۔
Some companies increased prices of mediciines which will also be looked into and action taken against.
Soon to introduce an app where people can check prices of mediciines online in sha Allah.
Customer exploitation in health care is truly unacceptable! https://t.co/VRrsrwQxZq— Dr. Yasmin Rashid (@Dr_YasminRashid) April 3, 2019
ڈاکٹر یاسمین راشد نے بعض افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اسپتالوں کی ایمرجنسی میں مفت دوا اور ٹیسٹ کی سہولیات برقرار ہیں، پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں مفت ٹیسٹ سہولت ختم نہیں کی گئی۔
انھوں نے کہا کہ اسپتالوں میں ٹیسٹ و دیگر آپریشنل چارجز سے متعلق حتمی فیصلہ نہیں ہوا، سرکاری اسپتالوں میں کچھ ٹیسٹس کے چارجز معمول کے مطابق ہیں۔