بدھ, مئی 29, 2024
اشتہار

محبت کی نئی داستان رقم، غزل نے دونوں ہاتھوں اور پیروں سے محروم کلاس فیلو کو جیون ساتھی بنا لیا

اشتہار

حیرت انگیز

آپ نے محبت کی کئی حقیقی اور افسانوی داستانیں سن رکھی ہوں گی لیکن حیدرآباد میں قربانی کے جذبے سے بھری محبت کی داستان رقم کی گئی ہے۔

سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں خاتون غزل خان نے دونوں ہاتھوں اور پیروں سے محروم ساحل بگھیو کو زندگی کا ساتھی بنا کر جہاں محبت کو پایا وہیں غرض ومفادات سے بھری دنیا میں محبت کی ایک لازوال داستان بھی رقم کر دی۔

حیدرآباد سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے ناصر حسن خان کے مطابق ٹھنڈی ہواؤں کے شہر کے باسی 28 سالہ ساحل بگھیو اور ان کی کلاس فیلو نے اپنی دوستی اور محبت کو امر کرتے ہوئے اسے زندگی بھر کے ساتھ میں تبدیل کر لیا اور یوں قربانی اور محبت کی نئی کہانی کا جنم ہوا۔

- Advertisement -

رپورٹ کے مطابق ساحل بگھیو ہاتھوں اور پیروں سے محروم ایک معذور شخص ہے لیکن یہ معذوری بھی غزل کے جذبہ محبت کو کم نہ کر سکی بلکہ دونوں نے محبت کے سہارے زندگی ایک ساتھ بتانے کا فیصلہ کیا۔

اس حوالے سے ساحل بگھیو کہتے ہیں کہ غزل نے پورے سماج سے مقابلہ کر کے انہیں جیون ساتھی کے طور پر چُنا اور جب ان کی شادی ہوئی تو پھر ان کے دوستوں کے ساتھ رشتے داروں نے بھی بھرپور شرکت کر کے ان کی خوشیوں کو چار چاند لگا دیے۔

ساحل بگھیو نے اپنی شادی کو زندگی کی سب سے بڑی خوشی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایم بی اے کیا ہوا ہے اور برسر روزگار ہیں۔ انہیں دوران تعلیم ہی محبت ہوئی تھی تاہم اس محبت کو جیون بھر کے ساتھ میں تبدیل کرنے کا کریڈٹ غزل کو جاتا ہے جنہوں نے انہیں اپنانے کے لیے دنیا بھر سے مقابلہ کیا اور لوگوں کے اعتراضات کو خاطر میں نہیں لائیں

شادی کی اس تقریب میں نہ صرف رشتے داروں بلکہ علاقے کے منتخب نمائندوں سمیت سندھ بھر کے اسپیشل افراد جن میں خواتین کی بھی بڑی تعداد شامل تھی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ انہوں نے جوڑے کے خوشگوار مستقبل کے دعائیں دی اور خوشی میں بھنگڑے ڈالے۔

حیدرآباد میں ہونے والی یہ شادی کی تقریب نہ صرف دلہا ساحل بگھیو، دلہن غزل اور ان کے اہل خانہ کے لیے اہم دن تھا بلکہ جسمانی معذوری کا شکار دنیا بھر کے اسپیشل افراد کے لیے بھی ایک بڑی مثال بن گئی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں