لاہور: پنجاب حکومت نے صوبائی دارالحکومت کے لیے میگا ترقیاتی منصوبے لانے کا فیصلہ کرلیا۔ ایک ہزار بستر کا اسپتال، انڈرپاسز، اوورہیڈ اور بس ٹرمینل تعمیر کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا، اربوں روپے کی لاگت سے میگاپراجیکٹس لاہور کے شہریوں کو خصوصی ریلیف فراہم کریں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اسپتال کے قیام کے لیے محکمہ صحت کی سمری کی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ لاہور کے فیروز روڈ پر ایک ہزار بستروں پر مشتمل جدید اسپتال بنایا جائے گا، 400 بستر کا جنرل، 400 بستر کا کارڈیالوجی اور 200 بستر کا اسپتال بنائیں گے، اسپتال ارفع کریم آئی ٹی ٹاور کے قریب ایل ڈی اے کی اراضی پر بنایا جائے گا، اسپتال کی تعمیر پر 7 ارب روپے لاگت آئے گی۔
جنوبی پنجاب کی ترقی کا حقیقی سفر شروع ہوچکا: عثمان بزدار
انہوں نے کہا کہ ریلوے اسٹیشن سے شیرانوالہ گیٹ تک اوورہیڈبرج تعمیر کیا جائے گا، اس منصوبے پر مجموعی طور پر4 ارب 50 کروڑ لاگت آئے گی، شاہکام چوک پر بھی اوور ہیڈ برج کی تعمیر کا منصوبہ شروع کریں گے۔
عثمان بزدار نے بتایا کہ منصوبے پر ایک ارب 50 کروڑ روپے لاگت آئے گی، اوورہیڈ برج کی تعمیر سے شاہکام چوک پر ٹریفک مسائل حل ہوں گے، لاہور میں بارش کا پانی کو ذخیرہ کرنے کے 10 واٹر ٹینک بنائے جائیں گے، واٹر ٹینک بننے سے بارش کے پانی کی بروقت نکاسی ممکن ہوگی، ایل ڈی اے سٹی میں میں 4 ہزار اپارٹمنٹس بنائے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ منصوبے پر 40 ارب روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے، مجموعی طور پر 35 ہزار سے زائد اپارٹمنٹس تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی ہے۔ عثمان بزدار نے اپارٹمنٹس کے حوالے سے سمری کو 7 روز میں وزیر اعلی آفس بھجوانے کی ہدایت کردی۔