گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ وفاق گورنر راج لگانا چاہتا ہے لگائے میں کیوں روکوں گا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ وفاق جب صوبے میں گورنر راج لگائے گا تو میں کیوں انکار کروں گا، وفاق سمجھتا ہے صوبے میں گورنر راج لگنا چاہیے تو لگے گا۔
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پورنے کہا میں دیکھتا ہوں کیسے گورنر راج لگتا ہے، ہمیشہ ان کو کہتا ہوں میں اکیلا آپ سب کیلئے کافی ہوں، یہ ہمیشہ باتیں کرتے ہیں لیکن عملدرآمد نہیں کرتے۔
فیصل کریم نے کہا کہ علی امین گنڈا پورنے حلف لیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو واپس لیکرجاؤں گا، وہ خود گھر واپس آگئے لیکن بانی پی ٹی آئی کو نہیں لائے۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی مرکز کو ئی میٹنگ کرتا ہے وزیر اعلیٰ اچھے بچے بن کرجاتے ہیں، میٹنگ کے اندر اصلی فلم چلتی ہے باہر آکر ری مکس چلا دیتے ہیں۔
گورنر کے پی نے کہا کہ جب بھی کوئی غیر ملکی وفد آتا ہے یہ لوگ تماشہ لگاتے ہیں، کے پی میں اساتذہ کو تنخواہیں نہیں مل رہی سارا پیسہ دھرنوں پر لگ رہا ہے۔