بدھ, جون 26, 2024
اشتہار

گورنر سندھ نے زخمی اونٹنی کو ’’سندھ کی رانی‘‘ کا نام دے دیا

اشتہار

حیرت انگیز

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے شلیٹر ہوم کا دورہ کیا اور سانگھڑ میں ٹانگ کاٹ کر  زخمی کی جانے والی اونٹنی کا معائنہ کیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے عید کے دوسرے روز کراچی می شلیٹر ہوم کا دورہ کیا اور وہاں سانگھڑ سے ایک زمیندار کی جانب سے ٹانگ کاٹ کر زخمی ہونے والی اونٹنی کا معائنہ کیا جس کو علاج کے لیے لایا گیا ہے۔

لائیو اسٹاک کے ڈی جی حزب اللہ اور شیلٹر ہوم کی منیجر شیما نے گورنر سندھ کو اونٹنی کی صورتحال سے آگاہ کیا جب کہ حیدرآباد میں گدھے کی ٹانگ کاٹے جانے کے واقعے اور متاثرہ گدھے کی حالت کے بارے میں بھی بتایا کہ اس کی حالت تشویشناک ہے۔

- Advertisement -

اس موقع پر گورنر سندھ نے ایک ٹانگ سے محروم کی جانے والی زخمی اونٹنی کو ’’سندھ کی رانی‘‘ کا نام دیا اور کہا کہ ظلم انسانوں پر ہو یا جانوروں پر، سب اللہ تعالیٰ کی مخلوق ہیں۔ ایسے واقعات انسانیت سوز ہیں، جن پر کسی کو سیاست نہیں کرنی چاہیے۔

کامران ٹیسوری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بتایا گیا ہے کہ یہ ظلم کرنے والا سندھ دھرتی سے تعلق نہیں رکھتا ہے تاہم میں سندھ حکومت سے کہوں گا کہ وہ اصل مجرمان کو قرار واقعی سزا دیں کیونکہ اگر ظالم کو بروقت سزا نہ دی تو پھر ظلم بڑھتا رہے گا اور کل کوئی دوسرا بھی یہ حرکت کر سکتا ہے۔ اس لیے مطالبہ ہے کہ اصل مجرمان کو کٹہرے میں لاکر بے نقاب کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل سے بات ہوئی ہے۔ اگر اونٹنی کو علاج معالجے کیلیے دبئی بھجوانا پڑا تو میں تیار ہوں۔ علاج کا تمام خرچہ میں خود اٹھاؤں گا۔

 

گورنر سندھ نے کہا کہ شازیہ مری کے ٹویٹ کی وجہ سمجھتا ہوں کیونکہ ان کا تعلق سانگھڑ سے ہی ہے جہاں یہ افسوسناک واقعہ ہوا ہے۔ میں ان کے ٹویٹ کا جواب دینا نہیں چاہتا کیونکہ میں یہاں غموں اور دکھوں پر پوائنٹ اسکورنگ کرنے نہیں بلکہ مثبت پیش رفت کیلیے آیا ہوں۔ اگر میرے اختیار میں ہوتا تو بے زبان پر یہ ظلم کرنے والا سلاخوں کے پیچھے ہوتا۔

کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ جب میں یہاں آ رہا تھا تو مجھے کسی نے فون کیا کہ آپ اونٹنی کے پاس نہ جائیں، کہیں گورنر شپ نہ چلی جائے۔ اگر اس وجہ سے گورنر شپ جاتی ہے تو کوئی پروا نہیں، میں مثبت آواز اٹھاتا رہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ظلم کی انتہا ہے۔ چیف جسٹس ایک بے زبان کے لیے بھی سوموٹو ایکشن لیں اور اس کی غیر جانبدارانہ انکوائری کرائی جائے۔

واضح رہے کہ سانگھڑ میں عید سے چند روز قبل ایک اونٹنی کی ٹانگ کاٹنے کا واقعہ سوشل میڈیا کے ذریعے منظر عام پر آیا تھا جس نے پہلے ملک اور پھر دنیا بھر کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی۔

اس واقعے کے بعد گورنر سندھ نے اونٹنی کے مالک کو دو اونٹ بطور تحفہ بھی دینے کا اعلان کیا تھا۔

دوسری جانب اونٹنی کی ٹانگیں کاٹنے کے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جنہوں نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔

Comments

اہم ترین

مزید خبریں