اسلام آباد: خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے لئے وفاقی کابینہ میں مشاورت جاری ہے جس کی حمایت کے لیے پیپلز پارٹی کو اعتماد میں لیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت رات گئے وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس ہوا, کابینہ اجلاس میں خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ پر مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے بتایا کہ وفاقی کابینہ کے ہنگامی اجلاس میں اٹارنی جنرل سمیت قانونی ماہرین نے بریفنگ دی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبائی حکومت نے اسلام آباد مارچ میں سرکاری سائل کا استعمال کیا اور احتجاج میں صوبائی محکموں اور ملازمین کا استعمال کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ ارکان نے رائے دی صوبائی حکومت نے گورنر راج کا جواز پیدا کر دیا ہے، کابینہ ارکان کی اکثریت نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج کی حمایت کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی سمیت کابینہ سے باہر جماعتوں کو بھی گورنر راج کے معاملے پر اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، گورنر راج کی ابتدائی مدت 6 ماہ ہوگی جس کا حتمی فیصلہ ایک دو روز میں ہوگا۔