کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے گورنر رضا باقر نے کہا ہے کہ ملک کے معاشی حالات بہتری کی جانب گامزن ہیں اسی وجہ سے خسارے میں کمی آرہی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رضا باقر کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں تاجروں کا کاروبار بڑھے اور وہ مزید اچھے انداز سے کام کرسکیں۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ایس ایم ای پر سستے قرض فراہم کرنے کی اسکیمیں متعارف کرائیں۔
دوسری جانب اسٹیٹ بینک کی جانب سے اگلے دوماہ کیلئےمانیٹری پالیسی کااعلان جمعہ کو کیا جائےگا۔ قومی بینک دولت پاکستان کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کےمطابق اسٹیٹ بینک کےمانیٹری پالیسی بورڈ کااجلاس بائیس نومبرکوہوگا۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں مہنگائی سیمت دیگر معاشی اعشاریوں کا جائزہ لیاجائےگا اور شرح سودمیں ردوبدل کا تعین کیاجائے گا۔ معاشی ماہرین کےمطابق بائیس نومبرکوآنےوالی مانیٹری پالیسی میں شرح سود موجودہ سطح پر برقرار رہنےکا امکان ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق مانیٹری پالیسی کا اعلان پریس ریلیز کے ذریعے کیا جائے گا۔