کراچی : گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ کورونا وائرس عالمی وبا بن چکا ہے، پاکستان بھی اس سے شدید متاثر ہورہا ہے، وزیراعظم کو عام آدمی کی مجبوری کا احساس ہے۔
یہ بات انہوں نے گورنر ہاؤس کراچی میں آل پاکستان انجمن تاجران سندھ کے وفد سے ملاقات کے موقع پر کیا، وفد کی قیادت تاجر رہنما جاوید قریشی کررہے تھے، ملاقات میں لاک ڈاؤن کے دوران تاجروں کو درپیش مشکلات اور کاروبارشروع کرنے کی اجازت سمیت دیگر امور پر گفتگو کی گئی۔
گورنر سندھ نے کہا کہ کورونا وائرس عالمی وبا بن چکی،پاکستان بھی شدید متاثر ہورہا ہے، حکومت کو انتہائی مجبوری میں بہت سخت فیصلے کرنا پڑے ،وزیراعظم عمران خان کو عام آدمی کی مشکلات اور مجبوری کا شدت سے احساس ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف کورونا تو دوسری جانب غربت و افلاس ہے، وزیراعظم عمران خان چاہتے ہیں کہ کاروباری سرگرمیوں کو مربوط حکمت عملی کے ساتھ جاری رکھا جائے۔
انہوں نے تاجروں سے کہا کہ آپ مختلف شعبوں کے لئے احتیاطی تدابیر پر مشتمل ایس او پیز بنا کردیں، اس موقع پر تاجر رہنماجاوید قریشی نے کہا کہ لاک ڈاؤن سے عوام کو معاشی دشواریوں کا سامنا ہے۔
علاوہ ازیں گورنرسندھ سے امجد صابری کے ہمنوا سلیم صابری نے اہل خانہ کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں اپنی بے روز گاری اور مشکلات سے آگاہ کیا۔
سلیم صابری نے کہا کہ بےروزگاری سے گھریلو پریشانیاں بڑھ گئی ہیں، اس موقع پر گورنرسندھ نے سلیم صابری کو2 لاکھ روپے کاامدادی چیک دیا، یاد رہے کہ گورنرسندھ نے کراچی پریس کلب کے باہرسلیم صابری کے احتجاج کا نوٹس لیا تھا۔