اسلام آباد: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی خواہش ہے کہ بندل آئی لینڈ پر تیزی کے ساتھ کام شروع ہو، عمران خان کراچی کے جزائر پر 2 نئے شہر آباد کرنا چاہتے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے واضح کیا کہ بنڈل آئی لینڈ منصوبے سے ڈیڑھ لاکھ نوکریوں کا اضافہ ہوگا۔منصوبہ اسلام آباد نہیں لایا گیا، بنڈل آئی لینڈ سندھ کا حصہ رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی خواہش ہے بنڈل آئی لینڈ پر تیزی کے ساتھ کام شروع ہو، یہ ہاؤسنگ پراجیکٹ نہیں، منصوبے میں ایک پورا شہر آباد ہونے جارہا ہے۔
عمران اسماعیل کے مطابق بنڈل آئی لینڈ کے اطراف گندگی کے باعث آبی حیات نہیں آتے، یہ پاکستان کا پہلا ایسا شہر ہوگا جو جامع پلان کے تحت بنے گا۔
گورنر سندھ نے بتایا کہ منصوبے کے تحت 40 سے 50 لاکھ سیاح سندھ میں آئیں گے، لوگ بندل آئی لینڈ میں سرمایہ کاری کے لیے رابطے کررہے ہیں، بندل آئی لینڈ سے ہونے والی آمدنی سندھ حکومت کو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ بنڈل آئی لینڈ 50 بلین ڈالر کا منصوبہ ہے، لینڈ ٹیک آف کرگیا تو سندھ کی اقتصادی صورتحال میں اضافہ ہوگا۔
عمران اسماعیل نے کہا کہ سندھ حکومت کے تحفظات کو دور کریں گے، اتنا بڑا منصوبہ وفاق اکیلے نہیں کرسکتا، بندل آئی لینڈ پر نیا شہر بنانے کے لیے سندھ حکومت کو اعتماد میں لیا جائے گا۔