اسلام آباد : تحریک انصاف نے حقیقی آزادی مارچ کے دوران چادر اور چار دیواری کی پامالی اور تشدد کے شواہد اقوام متحدہ کے متعلقہ ذمہ داران کو بھجوادیئے۔
تفصیلات کے مطابق آزادی مارچ کے شرکا پر حکومت کے کریک ڈاؤن اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر تحریک انصاف نےاقوام متحدہ کے متعلقہ ذمہ داران کو خصوصی مراسلے ارسال کر دیئے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے حقیقی آزادی مارچ کے دوران چادر اور چار دیواری کی پامالی اور تشدد کے شواہد سمیت آنسوگیس کے پر امن شہریوں پر استعمال کی تفصیلات بھی بجھوادی گئی ہے۔
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائےانسانی حقوق کو بھی مراسلہ اور شواہد ارسال کیا گیا ، خطوط سابق وفاقی وزیراورکورکمیٹی رکن ڈاکٹر شیریں مزاریں کی جانب سے بجھوائے گئے۔
ڈاکٹرشیریں مزاری نے کہا کہ عمران خان کی حکومت ہٹانے کے بعد پاکستان سیاسی بحران کاشکار ہوا، منی لانڈرنگ کےمقدمات میں ملوث سیاستدان کواقتدارمیں لایاگیا، اس سازش پر عوام نے شدید ردعمل کا اظہار کیا۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی جماعت نے ملک بھر میں بڑےجلسے منعقد کئے، وفاقی حکومت نےکارکنان اوررہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا، عدم گرفتاری کی صورت میں خواتین کودھمکایاگیااورہراساں کیا گیا۔
انھوں نے مزید کہا کہ پنجاب،سندھ اور اسلام آباد میں شہریوں پر طاقت کا استعمال کیا گیا، قانون نافذ کرنے والے ادروں نے آنسو گیس کا استعمال کیا، کارکنان و قائدین کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا جائے۔