اسلام آباد : وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پرسیلزٹیکس کم کرکے عوام کو سہولت دینے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پرسیلز ٹیکس 22 فیصد سے کم کرکے 17.5 فیصد اور اسی طرح پٹرول پرسیلزٹیکس 9.5 فیصد سے کم کرکے 4.5 فیصد کیا جا رہا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق مٹی کے تیل پرسیلز ٹیکس 6 فیصد سے کم کرکے 1.5 فیصد کردیا جائے گا اور لائٹ ڈیزل پرسیلزٹیکس مکمل ختم کیا جا رہا ہے۔
پیٹرول 4 روپے فی لیٹر مہنگا ہونے کا امکان
اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سفارش کی تھی تاہم عمران خان نے وزارت خزانہ کو ایسا کرنے سے روک دیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیرخزانہ اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پرپٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یاد رہے گزشتہ ماہ حکومت نے مہنگائی سے بے حال عوام کو ریلیف دینے کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول فی لیٹر2.41پیسے کم کردیا تھا۔