اسلام آباد : حکومت نے کرونا وائرس ٹیسٹنگ کٹس کی درآمد کا فیصلہ کرلیا ہے ، جس کے بعد قومی ادارہ صحت کو30 کرونا ٹیسٹنگ کٹس موصول ہوگئی ہے ، ایک ٹیسٹنگ کٹ سے کرونا کے 50 تشخیصی ٹیسٹ ممکن ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے کرونا وائرس کی تشخیصی صلاحیت بڑھانے کے لیے کرونا ٹیسٹنگ کٹس درآمد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ادارہ صحت کو30 کرونا ٹیسٹنگ کٹس موصول ہوگئی ہے، پاکستان کو کرونا ٹیسٹنگ کٹس ڈبلیوایچ او ایمرو نے فراہم کی۔
ذرائع کے مطابق قومی ادارہ صحت کو 10ہزار کرونا ٹیسٹ کی صلاحیت حاصل ہے، رواں ماہ ادارہ صحت کو100 کرونا ٹیسٹنگ کٹس موصول ہوں گی، ایک ٹیسٹنگ کٹ سے کرونا کے 50 تشخیصی ٹیسٹ ممکن ہیں، کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور میں کرونا ٹیسٹ کی سہولت دستیاب ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ حکومت نے گلگت بلتستان کیلئے کرونا ٹیسٹ کی سہولت فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے ، گلگت میں کرونا ٹیسٹ کی سہولت رواں ماہ فراہم کی جائےگی، گلگت سے کرونا ٹیسٹ کیلئے نمونے این آئی ایچ بھجوائے جاتے ہیں۔
مزید پڑھیں : پاکستان میں کرونا کیسز کی تعداد 19 تک پہنچ گئی، ڈاکٹر مرزا کی تصدیق
گذشتہ روز اے آر وائی نیوز کے پروگرام پروگرام پاورپلے میں میزبان ارشد شریف کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرونا کیسز کی تعداد 19 تک پہنچ گئی او اس میں اضافے کا امکان ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 25 مشتبہ کیسز ہیں، کراچی میں کرونا کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے، پاکستان میں وائرس ایران، لندن، عراق اور دبئی سے آنے والے مسافروں کی وجہ سے پہنچا۔
اکٹر ظفر مرزا کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں کرونا کیسز کی تعداد 24 گھنٹوں میں دگنی ہوگئی البتہ ہمارے لیے صورت حال حیران کن نہیں ہے کیونکہ وائرس دنیا کے 106 ممالک میں پھیل چکا ہے۔