لاہور : پنجاب کے وزیر میاں محمودالرشید نے کہا وفاقی اور صوبائی حکومت کے اداروں نے شریف خاندان کے خلاف نئے کیسز کے لیے مواد اکٹھا کر لیا ہے، وزیر اعظم نے وزراءکو شریف خاندان کی مزید کرپشن بے نقاب کرنے کا ٹاسک دیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے شریف خاندان کیخلاف نئے مقدمات دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا، صوبائی وزیر میاں محمودالرشید نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے شریف فیملی کے خلاف نئے کیسز کی تیاری مکمل کرلی ہے، وفاقی اور صوبائی حکومت کے اداروں نے نئے کیسز کے لیے مواد اکٹھا کر لیا۔
میاں محمودالرشید کا کہنا تھا شریف فیملی کے خلاف پہلے پرانے کیسز تھے مگر اب نئے مقدمات دائر ہوں گے، تمام مقدمات کی تفصیل سےعوام کو آگاہ کریں گے ، تحریک انصاف کابنیادی ایجنڈااحتساب ہے۔
مزید پڑھیں : شریفوں سے نہ ڈریں، اب وہ واپس نہیں آئیں گے: وزیر اعظم عمران خان
یاد رہے گذشتہ روز لاہور میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف پنجاب کی صوبائی پارلیمانی پارٹی اور صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا تھا، جس میں عمران خان نے وزراءکو شریف فیملی کے خلاف کرپشن کی معلومات سے آگاہ کیا اور مزید کرپشن بے نقاب کرنے کا ٹاسک دیا تھا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا اب شریف خاندان واپس نہیں آئے گا، مستقبل میں دو جماعتوں کا ڈٹ کرمقابلہ کرنا ہے، حمزہ شہباز کے کرپشن کیس میں بڑی محنت کی گئی، وہ جلدگرفتارہوں گے۔