اسلام آباد : حکومت پاکستان نے ملک سے فرار ہونے کے خدشے کے پیش نظر سابق چیف جج راناشمیم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان نے سابق چیف جج راناشمیم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ کرلیا ، اس حوالے سے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے چیف کمشنر اسلام آباد کو مراسلہ لکھ دیا ہے۔
مراسلے میں کہا ہے کہ رانا محمد شمیم کوہائیکورٹ کےسامنے توہین عدالت کی کارروائی کا سامنا ہے، خدشہ ہے کہ رانا شمیم ملک سے فرار ہوسکتے ہیں۔
ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کی جانب سے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست ہے رانا شمیم کانام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئےکارروائی شروع کریں، رانا شمیم کیس کی اگلی سماعت 13 دسمبر کو ہے ، فوری نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔
یاد رہے گذشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی تھی۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ معاملہ توہین عدالت کا ہے، ای سی ایل میں نام ڈالنا حکومت کا کام ہے، کرپشن اور دیگر معاملات میں نہیں جانا۔