کراچی: شہر قائد میں مہاجر قیادت کی جانب سے گرینڈ الائنس کی تشکیل کے سلسلے میں ایم این اے ڈاکٹر عامر لیاقت نے بھی بیرون ملک مقیم جلا وطن رہنماؤں سے رابطہ کیا ہے۔
ذرایع کے مطابق پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی بننے والے عامر لیاقت بھی کراچی کے مسائل حل نہ ہونے اور شہری سندھ کے استحصال پر دلبر داشتہ ہو گئے ہیں۔
عامر لیاقت نے شہری سندھ کے مسائل کے حل کے لیے گرینڈ الائنس اور مہاجر قیادت کا ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونے کا خیر مقدم کیا ہے، اس سلسلے میں انھوں نے بیرون ملک مقیم اہم شخصیات سے رابطہ بھی کیا۔
ذرایع کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت نے رابطے میں شہری سندھ کے مسائل کے حل، مہاجروں کے حقوق کے لیے مل کر جدوجہد کرنے، اور مل کر ساتھ چلنے پر بات چیت کی، عامر لیاقت نے بیرون ملک مقیم اور جلا وطن رہنماؤں کے ساتھ مل کر مسائل کے حل کے لیے کوششیں کرنے پر اتفاق کیا۔
پاکستان آئیں گے اور وائس آف کراچی کے پلیٹ فارم سے آئیں گے، واسع جلیل
انھوں نے کہا تمام رہنما جلد وطن لوٹیں، مل کر سنجیدگی اور مثبت سوچ کے ساتھ ملکی سالمیت اور کراچی کے مسائل کے حل کے لیے کام کریں گے ، میرے لیے ایم این اے شپ معنی نہیں رکھتی، اپنے لوگوں کی ترقی اور خوش حالی کے لیے کراچی کو بنانے کے لیے کسی کے ساتھ بھی ڈائیلاگ اور مل بیٹھنے کے لیے تیار ہوں۔
وآئس آف کراچی کی مرکزی قیادت کا مہاجر اتحاد اور شہری سندھ گرینڈ الائنس کے حوالے سے اعلی سطح پر رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔ شہری سندھ کے حقوق کیلئے مشترکہ جدوجہد کی ضرورت ہے۔ پاکستان کی ترقی اور استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے : واسع جلیل ، مرکزی رہنما وآئس آف کراچی #Pakistan pic.twitter.com/FxW1RB8T9L
— Greater Karachi (@Greater_KHI) November 7, 2020
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایم کیو ایم کے جلا وطن رہنماؤں کی وطن واپسی کی اطلاعات پر اے آر وائی نے امریکا میں مقیم ایم کیو ایم پاکستان کے سابق سینئر رہنما واسع جلیل سے رابطہ کیا تھا، انھوں نے بتایا کہ وطن واپسی کے حوالے سے جب فیصلہ کریں گے تو ضرور بتاؤں گا اور علی الاعلان وطن لوٹیں گے۔
انھوں نے کہا جب بھی واپس آؤں گا وائس آف کراچی کے پلیٹ فارم سے آؤں گا، اس کے چیئرمین ندیم نصرت نے شہری سندھ کے مسائل کے حل کے حوالے سے مہاجروں کے اتحاد کی بات کی ہے ، وہ مہاجروں کے اتحاد کے حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کو تیار ہیں، مہاجر اتحاد اور شہری سندھ گرینڈ الائنس کے حوالے سے اعلیٰ سطح پر رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔