تازہ ترین

مہنگائی کے ستائے عوام کیلیے عید سے قبل بڑی خوشخبری

ماہ رمضان المبارک میں مہنگائی کے ستائے کراچی کے شہریوں کے لیے عید سے قبل اچھی خبر ہے کہ آٹے کی قیمت میں فی کلو بڑی کمی ہوگئی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ماہ رمضان المبارک میں گراں فروشوں کے ہاتھوں ستائے کراچی کے عوام کے لیے عید سے قبل اچھی خبر آ گئی ہے کہ شہر میں آٹے کی قیمت میں نمایاں کمی ہوگئی ہے اور آٹے کی فی کلو قیمت 16 روپے تک کم کر دی گئی ہے۔

کراچی میں گندم کی قیمت 5 روپے کم ہو کر 87 روپے فی کلو ہو گئی ہے جس کے بعد شہر قائد میں آٹے کے ریٹ کم ہو کر 106 روپے فی کلو ہو گئے ہیں اور جوڑیا بازار میں آٹے کے 50 کلو کی بوری کی قیمت 5300 روپے ہو گئی ہے۔

تاہم آٹا سستا ہونے کے باوجود کمشنر کراچی کی جانب سے نظر ثانی شدہ ریٹ لسٹ تاحال جاری نہیں کی گئی ہے اور ان کی جانب سے رمضان سرکاری فہرست میں آٹے کے نرخ تاحال فی کلو 123 روپے مقرر ہیں۔

شہر میں فائن آٹا اور میدے کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی ہوئی ہے اور سرکاری فہرست سے کم قیمت پر 126 روپے کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔

شہر میں آٹے، میدہ اور فائن آٹے کی قیمت میں نمایاں کمی کے باوجود بیکری اور نان بائیوں نے قیمتوں میں کمی نہیں کی ہے۔ بیکری پر درمیانی ڈبل روٹی 130 روپے اور ہوٹلوں پر روٹی 25 سے 30 میں فروخت کی جا رہی ہے۔

چیئرمین ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن رؤف ابراہیم نے کہا ہے کہ ہمارے ملک کی گندم کی فصل بھی آ گئی ہے جس کے بعد آنے والے دنوں میں گندم کی قیمت مزید کم ہونے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت آٹے کی قیمت کم ہونے کا فائدہ عوام تک پہنچائے اور کمشنر کراچی فوری طور پر روٹی اور بیکری مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کروائیں۔

Comments

- Advertisement -