ریاض: سعودی محکمہ پاسپورٹ وامیگریشن(جوازات) نے مملکت آنے کے خواہش مند تارکین وطن کیلئے ‘کورونا ویکسین اندراج’ سے متعلق اہم ہدایت جاری کی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق مملکت کے محکمہ پاسپورٹ نے سعودی عرب آنے والے تمام غیر ملکی مسافروں سے کہا ہے کہ وہ سعودی عرب پہنچنے سے قبل ویکسین کا آن لائن اندراج ضرور کرالیں۔
محکمہ نے ہدایت کی کہ آن لائن اندراج سے ایئرپورٹ، بندرگاہ یا بری سرحدی چوکی پہنچنے پر امیگریشن کارروائی میں آسانی ہوگی اور انہیں انتظار کی زحمت نہیں ہوگی۔
جوازات کا کہنا ہے کہ یہ پابندی جی سی سی ممالک کے شہریوں، ہر طرح کے نئے ویزہ ہولڈرز، مقیم غیر ملکیوں اور ان کے ’مرافقین‘ پر لاگو ہوگی۔
سعودی حکام نے بتایا کہ یہ اقدام عالمی کورونا وبا کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے تاکہ وائرس کا پھیلاؤ کو ہرممکن حد تک روکا جاسکے۔ مقامی اور غیرملکیوں کو کووڈ19 سے بچایا اولین مقصد ہے۔
محکمہ پاسپورٹ نے تمام مسافروں سے اپیل کی کہ وہ مملکت پہنچنے پر امیگریشن اور کسٹم کارروائی کے دوران حفاظتی تدابیر اور کورونا ایس او پیز کی پابندی کا خاص خیال رکھیں۔