لاہور میں ڈبل کیبن گاڑی کے گارڈز نے شہری کو سرعام تشدد کا نشانہ بنا دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے مغل پورہ میں کار سوار شہری پر ویگو ڈالے میں سوار گارڈز نے فائرنگ کی اور شہری پر تشدد کیا۔
بیجنگ انڈر پاس میں ڈالے پر سوار گارڈز نے شہری پر سیدھی گولیاں چلائیں۔
گارڈز نے پہلے کار سوار پر فائرنگ کی اور تشدد بھی کرتے رہے، متاثرہ شہری نے فائرنگ کرنے والے گارڈ کو پکڑنے کی کوشش کی۔
ترجمان ڈولفن فورس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کی آواز سن کر ڈولفن ٹیم نمبر 17 موقع پر پہنچی، ملزمان رش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
ملزمان کی گاڑی سے 3 رائفلیں، گولیوں سے بھرے میگزین برآمد ہوئے، ملزمان نے گاڑی پر پولیس فلیشر لگا رکھی ہے، گاڑی قبضے میں لے لی گئی، ویگو ڈالے سے اونیکس سیکیورٹی کمپنی کی جیکٹس بھی ملی ہیں۔
متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ مسلح سیکیورٹی گارڈز نے گاڑی روکی اور ایک گارڈ نے سیدھا فائرنگ کی، جب گاڑی سے اترا تو وہی گارڈ دوسرا فائر کررہا تھا لیکن درمیان میں لوگ آگئے۔
شہری کا کہنا ہے کہ گارڈ نے جو فائر کیا وہ گاڑی کو لگا اور میں محفوظ رہا، موقع پر لوگ نہ ہوتے تو یہ گارڈ مجھے دوسرا سیدھا فائر مار دیتا، گارڈ کو پکڑنے کی کوشش کی لیکن وہ ایک ڈالہ چھوڑ کرفرار ہوگئے۔
متاثرہ شہری کے مطابق ایک ڈالے میں پانچ گارڈ تھے دیگر گاڑیوں میں بھی 10، 15 لوگ تھے، موقع پر موجود شہریوں نے موبائئل فوٹیج بنائی ہیں میرے پاس بھی ویڈیوز ہیں۔