ممبئی / کراچی: بالی ووڈ فلم رئیس میں کنگ خان کے ساتھ مرکزی کردار ادا کرنے والی بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی اداکارہ کا سحر بھارتی عوام اور اداکاروں میں اب تک برقرار ہے۔
بھارتی ہندو انتہاء پسندوں کی مخالفت اور پاکستانی اداکاروں کو کام نہ دینے کی دھمکی کے باوجود ماہرہ خان کے مداحوں کی تعداد بھارت میں بڑھ رہی ہے۔ حال ہی میں بالی ووڈ کے سپر اسٹار ہرتھیک روشن نے ماہرہ خان کو انسٹاگرام پر فالو کیا۔
ہرتھیک روشن انسٹاگرام پر صرف 170 لوگوں کو فالو کررہے ہیں جن میں پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان بھی شامل ہیں۔
بالی ووڈ اداکار جن شخصیات کو انسٹاگرام پر فالو کررہے ہیں اُن میں فرح خان، ہدایت کار کرن جوہر، اداکار انیل کپور، اداکارہ کرینہ کپور خان سمیت دیگر معروف شخصیات شامل ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ماہرہ کو اداکارہ سونم کپور، اداکار ورن دھون، آیوشمان کھرانہ اور شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان انسٹاگرام پر فالو کرچکے ہیں۔
واضح رہے کہ ماہرہ خان نے شوبز کیریئر کا آغاز 2011 سے بطور معاون اداکار کیا جس کے بعد انہیں فواد خان کے ساتھ ڈرامے میں کام کرنے کا موقع ملا یہی ان کی خوش قسمتی کا باعث بھی بننا۔
اداکارہ نے ڈرامے میں کام کر کے شہرت کی بلندیوں کو چھوا اور پھر بالی ووڈ میں شاہ رخ خان کے مد مقابل فلم رئیس میں کام کیا جو 2007 میں ریلیز ہوئی تھی۔