گوجرانوالہ: پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں بچوں کو اغوا کرکے فروخت کرنے والی 3 خواتین کو گرفتار کرلیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق گوجرانوالہ میں پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بچوں کو اغوا کرکے فروخت کرنے والی 3 خواتین کو گرفتار کرلیا۔
ایس پی سول لائن کے مطابق 2 خواتین نے بچوں کو گھر کے باہر سے کھیلتے ہوئے اغوا کیا، دونوں خواتین نے 13 نومبر کو 6 سال کے بچے کو ڈیڑھ لاکھ میں فروخت کیا تھا۔
پولیس کے مطابق فیروزوالہ پولیس نے اغوا کیے گئے بچے ذوالقرنین کو بھی بازیاب کرواکر تین خواتین کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچوں کو اغوا کرنے والی خواتین قریبی رشتہ دار ہیں، مغوی بچے کو خریدنے والی خاتون نے اولاد نہ ہونے پربچے کو خریدا تھا۔
ایس پی سول لائن کا کہنا ہے کہ بچوں کو اغوا کرکے دوسرے اضلاع میں فروخت کیا جاتا تھا، خواتین کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ لاہور کے علاقے تھانہ غازی آباد کی حدود چار سالہ بچے کو اغوا کرلیا گیا تھا، غازی آباد پولیس نے اغوا کا مقدمہ بچے کے والد عامر لطیف کی مدعیت میں درج کر لیا تھا۔