گوجرانوالہ: 16 اکتوبر کو جناح اسٹیڈیم میں ہونے والے جلسے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم میں 28 نکاتی معاہدے طے پاگیا ، جس میں تمام راستےکھولنے ، کنٹینرزہٹانے اور تمام گرفتارافرادکورہاکرنےکافیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ جلسے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم میں معاہدے طے پا گیا، طویل مذاکرات کے بعد 28 نکاتی معاہدے پراتفاق ہوا ، جس کے تحت پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا جلسہ جناح اسٹیڈیم میں ہوگا، جلسے کا وقت سہ پہر3 سے رات12 بجے تک مقرر کیا گیا۔
معاہدے کے مطابق جلسے میں کورونا ایس اوپیزپرعملدآمدلازمی ہوگا اور بناماسک ،سینیٹائزر کے جلسہ گاہ میں داخل ہونے نہیں دیا جائےگا جبکہ پی ڈی ایم کا کوئی رہنما اسٹیڈیم کے سوا کسی جگہ تقریر نہیں کرے گا۔
معاہدےکے نکات میں کہا گیا ہے کہ پی ڈی ایم جی ٹی روڈ بند نہیں کرےگی ، ملکی سلامتی کےاداروں اورخلاف آئین کوئی تقریرنہیں کی جائےگی اور خلاف ورزی پرجلسہ انتظامیہ کےخلاف مقدمات درج ہوں گے۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ معاہدے کے مطابق تمام راستےکھولنے ، کنٹینرزہٹانے اور تمام گرفتارافرادکورہاکرنےکافیصلہ کیا گیا ہے جبکہ کوئی چھاپہ مار کارروائی نہیں کی جائے گی۔
خیال رہے مسلم لیگ ن کی قیادت نے جناح اسٹیڈیم میں جلسے کی اجازت حاصل کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو درخواست دی تھی، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ کی جانب سے منتظمین کو جلسے کی مشروط اجازت دی گئی ہے، انتظامیہ نے منتظمین کو ہدایت کی کہ وہ کرونا ایس او پیز پر ہر صورت عمل کریں۔