برمنگھم: افغانستان کرکٹ ٹیم کےکپتان گلبدین نائب نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم اچھا کھیل پیش کررہی ہے ہم بھی اپنا اختتامی سفر مثبت انداز سے کرنا چاہتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سے میچ سے ایک روز قبل برمنگھم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گلبدین نائب کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان سے بہت سیکھا اور وہاں کھیلا بھی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان میں کرکٹ کو مزید فروغ ملے، کل کا میچ دونوں ٹیموں کے لیے بہت خاص ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ کامیابی حاصل کر کے ورلڈکپ کا اچھا اختتام کریں۔
گلبدین نائب کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم نے ورلڈکپ میں بہت اچھا کم بیک کیا مگر ہم بھی میچ میں فتح حاصل کرنے کے لیے بھرپور زور لگا دیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان کل ورلڈکپ کا 36واں میچ برمنگھم میں کھیلا جائے گا، قومی کرکٹ ٹیم کو سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے کے لیے کل اور آئندہ بنگلا دیش سے فتح حاصل کرنا لازمی ہے۔
افغانستان ایونٹ میں اب تک 7 میچز کھیلے اور اُسے تمام میں ہی شکست کا سامنا کرنا پڑا، قومی کرکٹ ٹیم کے خلاف کل افغان ٹیم ورلڈکپ کا آخری میچ کھیلے گی۔