کراچی: شہر قائد میں دوہرے قتل کا ایک سنسنی خیز واقعہ پیش آیا ہے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں گلشن حدید اسٹیٹ ایجنسی کے اندر گھس کر دو افراد کو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا، اکیلے قاتل نے کیسے دو افراد کو 9 سیکنڈ کے اندر قتل کیا، فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے۔
فوٹیج میں شلوار قمیض پہنے شخص کو پستول پکڑے دیکھا جا سکتا ہے، قاتل نے اندر آ کر پہلے میز کے پیچھے کرسی پر بیٹھے شخص سے موبائل لیا، اور پھر سائیڈ میں بیٹھے شخص کو ایک گولی ماری۔
قاتل نے بعد ازاں سامنے بیٹھے شخص کو پے در پے تین گولیاں مار دیں، اور پھر سائیڈ میں صوفے پر بیٹھے شخص پر گولیاں برساتے ہوئے تین گولیوں کا نشانہ بنایا، اس کے بعد اس نے میز کے پیچھے شخص پر گولیاں برسائیں، اور جاتے جاتے ایک گولی صوفے پر بیٹھے شخص کو پھر مار دی۔
فائرنگ کے بعد ملزم فرار ہو گیا، ویڈیو میں ملزم کا چہرہ واضح دیکھا جا سکتا ہے، فوٹیج سے اندازہ ہوتا ہے کہ قاتل نے مجموعی طور پر 12 گولیاں چلائیں۔