گوادر: شدیدبارشوں کے باعث 7 دن سے بند پشتکان تا گوادر سڑک کو ٹریفک کے لئے بحال کردیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق گوادر میں 27 اور 28 فروری کو ہونے والی شدید بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب کے بعد پاک فوج کا ریسکیو اور ریلیف بحالی آپریشن تاحال جاری ہے۔
پاک فوج کے دستے بچاؤ اور امدادی کارروائیوں کے لئے پوری طرح سے متحرک ہیں، جنرل آفیسر کمانڈنگ 44 ڈویژن نے کمشنر مکران ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر گوادر کے ہمراہ گوادر سٹی اور سربندر کا تفصیلی دورہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے آرمی اور سویلین انتظامیہ کی امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور مقامی آبادی کو فوج کے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
پاک فوج کی جانب سے گوادر، جیونی اور سوربندر کے گرد و نواح میں امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں، گاؤں روہبر، پرنٹوک اور خرگوشکی کے پھنسے ہوئے دیہاتیوں کو محفوظ مقام پر پہنچا دیا گیا۔
سیلاب زدہ علاقوں اور گھروں سے پانی نکالنے کے لیے پاک فوج نے سکشن پمپ لگائے ہیں، بے گھر پریشان شہریوں میں پکا ہوا کھانا اور خشک راشن تقسیم کیا جا رہا ہے۔
گوادر میں موسلادھار بارشوں سے بڑے پیمانے پر مالی نقصانات
پاک فوج کی جانب سے متاثرہ آبادی کو خیمے اور چٹائیاں بھی فراہم کی گئیں جبکہ مقامی آبادی کی جانب سے پاک فوج کی کوششوں کوسراہا جارہا ہے۔