واشنگٹن: مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے عالمی بینک کے نائب صدر برائے جنوبی ایشیا ہارٹ ویگ سے ملاقات کی، اس دوران ملکی معیشت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق حفیظ شیخ اور عالمی بینک کے نائب صدر برائے جنوبی ایشیا ہارٹ ویگ کی ملاقات امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں ہوئی، جس میں آئی ایم ایف سے قرضے سمیت ملکی معیشت کے لائحہ عمل کے بارے میں گفتگو ہوئی۔
پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں میں عالمی بینک کے تعاون پر تبادلہ خیال ہوا، ہارٹ ویگ کو حکومتی اقدامات کے مثبت نتائج سے آگاہ کیا گیا۔
عبدالحفیظ شیخ نے ملکی معاشی صورت حال پر بھی روشنی ڈالی، دریں اثنا ہارٹ ویگ نے ملکی تعمیروترقی میں عالمی بینک کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ امریکا روانہ
مشیر خزانہ 14 اکتوبر کو امریکا روانہ ہوئے تھے، ذرائع کا کہنا تھا کہ حفیظ شیخ عالمی بینک، آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ عالمی بینک کا اپنی رپورٹ میں کہنا تھا کہ سال 2019 میں پاکستانی کی ترقی کی شرح 3.3 فیصد اور 2020 میں 2.4 فیصد رہے گی جبکہ 2021 میں ترقی کی شرح 3 فیصد رہنے کی توقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ترقی کی شرح میں بہتری پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور بین الاقوامی مارکیٹوں میں استحکام سے بھی مشروط ہے۔