منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

امریکی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے: حفیظ شیخ

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن: مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے امریکی سرمایہ کاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے، مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری سے امریکی کمپنیوں کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق عبدالحفیظ شیخ نے واشنگٹن میں ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے امریکی سرمایہ کاروں سے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، امریکی کمپنیاں ان مواقع سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔

دریں اثنا، حفیظ شیخ کی سربراہی میں امریکا جانے والے پاکستانی وفد نے ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے صدر سے بھی ملاقات کی، جس میں مختلف شعبوں میں اے ڈی بی کی سرمایہ کاری پر گفتگو کی گئی، صدر اے ڈی بی نے پاکستانی معاشی تعمیر و ترقی کے لیے مکمل تعاون کا اعادہ کیا، اور ترجیحی ترقیاتی شعبوں میں مالی امداد بڑھانے کی پیش کش کی۔

پاکستانی وفد نے صدر ایشین ڈیولپمنٹ بینک کو دورۂ پاکستان کی دعوت دی۔

یہ بھی پڑھیں:  حفیظ شیخ کی عالمی بینک کے نائب صدر سے ملاقات، ملکی معیشت پر تبادلہ خیال

وزارت خزانہ کے مطابق پاکستانی وفد نے اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر سے بھی ملاقات کی، مشیر خزانہ نے انھیں معیشت کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کیا، صدر اسلامی ترقیاتی بینک نے کہا کہ پاکستانی معیشت کے استحکام کے لیے ترجیحی بنیاد پر امداد دی جائے گی۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ اسلامی ترقیاتی بینک کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔ پاکستانی وفد نے آئی ایم ایف اور عالمی بینک گروپ کے اجتماعی اجلاس میں بھی شرکت کی۔

یاد رہے دو دن قبل مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے عالمی بینک کے نائب صدر برائے جنوبی ایشیا ہارٹ ویگ سے بھی ملاقات کی تھی جس میں آئی ایم ایف سے قرضے سمیت ملکی معیشت کے لائحہ عمل کے بارے میں گفتگو ہوئی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں