اسلام آباد: مشیرخزانہ حفیظ شیخ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پیکج حکومت کے اقتصادی نظم وضبط کے ارادے کا مظہر ہے۔
اپنے ایک بیان میں مشیرخزانہ کا کہنا تھا کہ یہ پیکج پاکستان کے لیےخوش آئند ثابت ہوگا، آئی ایم ایف کی جانب سے معاشی اصلاحات پروگرام کے لیے دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشی اصلاحات کا بنیادی مقصد اسٹر کچرل ریفارمز ہے، قرضوں میں کمی اور حکومتی آمدنی میں اضافہ اولین ہدف ہے۔
حفیظ شیخ کا مزید کہنا تھا کہ اہم پالیسیز کے ذریعے کمزور طبقوں کی مکمل حفاظت یقینی بنارہے ہیں۔
خیال رہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے لیے 6 ارب 20 کروڑ ڈالر پیکج کی منظوری دے دی ہے، پاکستان کے لیے قرض پروگرام کی منظوری آئی ایم ایف کے ایگزیکٹیو بورڈ نے دی۔
آئی ایم ایف کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کے لیے 6 ارب 20 کروڑ ڈالر کا قرض منظور کر لیا گیا ہے، پاکستان کے لیے یہ پیکج 39 ماہ کے لیے ہوگا۔
آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے 6 ارب 20 کروڑ ڈالر پیکج کی منظوری دے دی
واضح رہے کہ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ زر مبادلہ کی شرح کا تعین مارکیٹ خود کرے گی، آئی ایم ایف پیکج سے توانائی شعبے کے خسارے کو کم کیا جائے گا، پیکج سے اداروں کو مضبوط ، شفافیت کو فروغ دیا جائے گا۔