مستونگ: ڈپٹی کمشنر مستونگ رزاق ساسولی نے کہا ہے کہ حافظ حمداللہ کی گاڑی پر دھماکا خود کش ہو سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایک پروگرام میں شرکت کے لیے کوئٹہ سے منگوچر جانے والے پی ڈی ایم ترجمان حافظ حمداللہ مستونگ میں قومی شاہراہ کے قریب سڑک کنارے دھماکے کا نشانہ بن گئے، جس سے اُن سمیت 11 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
ڈی سی رزاق ساسولی نے ایک بیان میں خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہو سکتا ہے حافظ حمد اللہ کو خودکش دھماکے کا نشانہ بنایا گیا ہے، دھماکے میں زخمی ہونے والے ایک شخص نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ ’’دھماکا حافظ حمداللہ کی گاڑی سے موٹر سائیکل سوار کے ٹکرانے سے ہوا۔‘‘
جے یو آئی رہنما اور ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ سڑک کنارے دھماکے میں زخمی
ڈی سی نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ دھماکے کے وقت خضدار سے کوئٹہ جانے والی ایک کوسٹر بھی زد میں آئی، جس میں بیٹھے کئی افراد بھی زخمی ہوئے، حافظ حمداللہ کو زیادہ چوٹیں نہیں آئیں، تاہم سیکیورٹی گارڈ کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ ترجمان سول اسپتال نے بتایا کہ زخمیوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔