اشتہار

’جماعت اسلامی 100 نشستیں جیت چکی، میئر کراچی ہمارا ہوگا‘

اشتہار

حیرت انگیز

حافظ نعیم الرحمٰن نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی کے بلدیاتی الیکشن میں عوام نے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے اور جماعت اسلامی 100 کے قریب نشستیں جیت چکی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی کے بلدیاتی الیکشن میں جماعت اسلامی 100 کے قریب نشستوں پر کا میاب ہوگئی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ سادہ اکثریت کی طرف جا رہے ہیں لیکن اس وقت اکثریت کو کم کرنے کی سازش ہو رہی ہے۔ اگر جماعت اسلامی کے میئر کو آنے سے روکا گیا تو ہمارے پاس آپشنز موجود ہیں۔

\حافظ نعیم الرحمان نے الزام عائد کیا کہ یوسیز کے ریٹرننگ افسران نتائج روک کر بیٹھے ہیں اور ان نتائج میں گڑبڑ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ 18 گھنٹے گزرنے کے باوجود آر اوز سے نتائج جاری نہیں ہوئے۔ اگر نتائج تیار ہیں تو پھر جاری کیوں نہیں کیے جا رہے ہیں۔ ا جہاں گڑبڑ کریں گے ہم آپ کو ایکسپوز بھی کریں گے۔

- Advertisement -

ان کا مزید کہنا تھا کہ بعض یونین کونسلز میں زبردستی نتائج تبدیل کرائے گئے۔ یوسی 7 گلشن اقبال میں فائل سے زیادہ پرچیاں نکل آئیں۔ الیکشن والے دن سندھ حکومت نے اربوں روپے کے اشتہار چلائے جس پر الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کو نوٹس بھی دیا۔ الیکشن کمیشن سے کہتا ہوں کہ زبردستی کسی کو حق سے محروم نہیں کرے اور جو آر اوز نتیجہ تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ان کو روکا جائے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے لیے ہم نے بہت محنت کی اور تحریک چلائی۔ عوام نے جماعت اسلامی پر پورے اعتماد کا اظہار کیا۔ ووٹ دینے پر عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں انہوں نے کل ووٹ دے کر ان ساری قوتوں میں مسترد کر دیا جو چاہتے تھے کہ لوگ نہ نکلیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ہر وقت کے دھرنے اور احتجاج کا شوق سے نہیں رکھتے لیکن بھرپور احتجاج کرنے کا آپشن ہے۔ جو کراچی کے شہریوں نے مینڈیٹ دیا ہے ہمارا فرض ہے کہ اس کا تحفظ کریں۔ ہم عوام کے مفاد کو سامنے رکھیں گے اور جس آپشن کو بھی بہتر سمجھیں گے اس طرف جائیں گے۔

حافظ نعیم نے مزید کہا کہ اتنی کنفیوژن کے بعد بھی عوام کا نکلنا جماعت اسلامی کی کامیابی ہے۔ اب کراچی کے عوام ہمارے ساتھ ہیں۔ جماعت اسلامی شہر میں نمبر ون پارٹی ہے۔ پیپلز پارٹی اور الیکشن کمیشن سے کہتا ہوں کہ ہمارے مینڈیٹ کو تسلیم کیا جائے اور اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی کوشش نہ کی جائے۔ ایسا نہ ہو کہ ہم مجبور ہوکر ایسا احتجاج کریں کہ پورا عمل ہی متنازع بن جائے۔ یہ الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہے کہ نتیجہ فارم 11 کے مطابق ہی آئے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کراچی میں جماعت اسلامی اپنا میئر بنائے گی۔ پارٹیوں سے مشاورت کے لیے دروازے کھلے ہیں۔ ہم اپنے دائرے اور عوام کے ساتھ مشاورت کریں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں