سعودی عرب میں مدینہ منورہ کے شاہ فہد جنرل ہسپتال کی انتظامیہ نے گردوں کے امراض میں مبتلا عازمین کیلیے خصوصی طورپر ڈائیلاسیس سینٹر قائم کردیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شاہ فہد ہسپتال میں گردوں کے امراض کے لیے مخصوص وارڈ میں عازمین کے لیے علیحدہ سیکشن قائم کردیا گیا ہے تاکہ وہ عازمین جنہیں گردوں کے امراض کی شکایت ہے انہیں ڈائیلاسیس کے لیے کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔
مدینہ صحت مرکز کے مطابق بیمار عازمین کے لیے مخصوص کیے جانے والے وارڈ میں ڈائیلاسیس کے 13 جدید ترین یونٹس فراہم کیے گئے ہیں جن کے ذریعے یومیہ 26 ڈائیلاسیس سیشنز کیے جاسکتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق صحت مرکز کی جانب سے غیرملکی حج مشنز سے مستقل بنیادوں پر رابطہ رکھا جاتا ہے تاکہ بیمار عازمین کا ڈیٹا حاصل کیا جائے اور انہیں ضرورت پڑنے پر بروقت ڈائیلاسیس کی سہولت مہیا کی جاسکے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ بدھ 23 ذو القعدہ تک بیرون ملک سے آنے والے عازمین حج کی تعداد 7 لاکھ 17 ہزار 044 سے زائد ہوچکی ہے۔
وزارت کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ’اب تک جاری کئے جانے والے حج ویزوں میں سے 49 فیصد افراد مملکت پہنچ چکے ہیں‘۔
وزارت کے مطابق ’عازمین حج تین اہم راستوں کے ذریعے مملکت میں داخل ہوئے۔ سب سے زیادہ عازمین ہوائی راستے سے آئے ہیں جن کی تعداد 6 لاکھ 91 ہزار 429 ہے‘۔
سعودی عرب: عازمین حج ’ای سم‘ کیسے حاصل کرسکتے ہیں؟
سمندری راستوں کے ذریعے آنے والے عازمین کی تعداد 2821 رہی‘ جبکہ ’زمینی راستوں سے تقریباً 22 ہزار 794 عازمین آئے۔
وزارت کا کہنا تھا کہ ’یہ سب ایک مربوط نظام کے تحت انجام دیا گیاہے جس کی نگرانی حکومتی، سیکیورٹی اور خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے ماہرین کر رہے ہیں‘۔