اسلام آباد : اگلے سال حج پروازوں کے حوالے سے بڑا معاہدہ طے پاگیا، جس کے تحت قومی ایئرلائن 35 ہزار سرکاری حجاج کو سفری سہولت مہیا کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق حج پروازوں سے متعلق وزارت مذہبی امور اور پی آئی اے کے درمیان معاہدہ طے پاگیا، پی آئی اے کے CEO ایئر وائس مارشل عامر حیات اور ایڈیشنل سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاء الرحمن نے معاہدے پر دستخط گئے۔
ترجمان مذہبی امور نے بتایا کہ معاہدے پر دستخط گزشتہ روز وزارت مذہبی امور میں کیے گئے، قومی ایئرلائن 35 ہزار سرکاری حجاج کو سفری سہولت مہیا کرے گی۔
اس موقع پر پی آئی اے کے سی ای او ایئر وائس مارشل عامر حیات نے حجاج کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا سعودی ایئرلائن اور دیگر مقامی ایئرلائنز کے ساتھ معاہدات بھی جلد مکمل کیے جائیں گے۔
یاد رہے 2 روز قبل وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے حج پالیسی 2025کا باضابطہ اعلان کیا تھا۔
چوہدری سالک حسین نے بتایا تھا کہ سرکاری اور نجی اسکیم کےتحت حج کوٹہ 50،50 فیصد ہے، 12 سال سےکم عمر بچوں کو حج کی اجازت نہیں دی جارہی۔
مزید پڑھیں : حج پالیسی 2025 کا باضابطہ اعلان
وفاقی وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال حج انتظامات بہت بہترین تھے، حج اتنظامات کے سلسلے میں تیاریاں پوری کررہےہیں،وفات کی صورت میں حاجی کے لواحقین کو 20لاکھ روپے امداد اور زخمی ہونیوالے حجاج کو بھی معاوضہ ادا کیا جائے گا۔
انھوں نے بتایا تھا کہ عازمین حج کیلئے حج رقم کی قسطوں کا نظام متعارف کرارہے ہیں، پہلی بار حج پر جانے والوں کو ترجیح دی جارہی ہے تاہم بیماراورمتعدی امراض میں مبتلاافراد رواں سال حج پر نہیں جاسکیں گے۔
چوہدری سالک کا کہنا تھا کہ ہماری بھرپور کوشش ہوگی کہ کوٹہ واپس نہ کیاجائے ، اسپانسرڈاسکیم کا رہ جانیوالا کوٹہ عام عازمین کو منتقل کیاجائےگا اور اوورسیز پاکستانیوں کیلئے حج کوٹہ 5ہزار مقرر کیاجارہاہے۔