ریاض : حج کے لیے سعودی عرب جانے والے سائیکل سواروں نے 17 ملکوں سے ہوتے ہوئے حجاز مقدس کا یہ سفر 60 دن میں طے کیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت مختلف ملکوں کے سائیکل سوار حج کی ادائیگی کے لیے 4 ہزار میل کا سفر طے کر کے برطانیہ سے سعودی شہر مدینہ منورہ پہنچ گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ان سائیکل سواروں نے 17 ملکوں سے ہوتے ہوئے حجاز مقدس کا یہ سفر 60 دن میں طے کیا، جن میں برطانیہ کے سائیکل سوار عازمینِ حج بھی شامل ہیں۔
مدینہ منورہ پہنچنے پر سعودی وزارتِ حج اور شعبہ سیاحت کے حکام نے سائیکل سوار عازمینِ حج کا پرتپاک استقبال کیا۔تمام سائیکل سواروں کو تحائف دیے گئے اور ان کا طبی معائنہ بھی کیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ ارضِ مقدس میں شہرِ نبوی صلی اللّٰہ علیہ وسلم پہنچنے اور اپنے شاندار استقبال پر متعدد سائیکل سواروں کے خوشی کے باعث آنسو رواں ہو گئے اور سب نے ایک دوسرے کو گلے لگ کر مبارک باد بھی دی۔