اسلام آباد : وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ حلال فوڈ اتھارٹی کی بہت اہمیت ہے، ہمارا ملک صرف ٹیکسٹائل پر نہیں چل سکتا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان حلال اتھارٹی اپنی مؤثر درآمدی حکمت عملی کے ذریعے پاکستان کو کھرب ڈالر کی حلال فوڈ مارکیٹ کا ایک اہم رکن بنا سکتی ہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ سب سے پہلےعوام کے معیار زندگی کو بہتر کیا جائے، ہمیں عملی طور پر کمٹمنٹ کے ساتھ کام کرنا پڑے گا، ہمارا کردار ہے کہ عوام کو بتا سکیں کہ حلال چیز ہے کیا؟
وفاقی وزیر نے کہا کہ کھانے پینے کی چیزیں کس طرح سے حلال بنتی ہیں، اس حوالے سے ہمیں ایک مضبوط مہم چلانی ہوگی، عالمی مارکیٹ میں کردارادا کرنے کیلئےحلال فوڈ اتھارٹی کی اہمیت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ملک صرف ٹیکسٹائل پر نہیں چل سکتا کسی اور سیکٹر کو بھی سہولیات دی جائیں تو وہ بھی آگے بڑھ سکتا ہے، دنیا میں حلال فوڈ مارکیٹ800ارب ڈالر کی ہے۔
شبلی فرازنے مزید کہا کہ ہمارا ہدف ہونا چاہیے کہ ہم حلال مارکیٹ میں میجر شیئر ہولڈر ہوں، ہم نے اپنے پاکستانی لوگوں کو بھی معیاری اشیاء فراہم کرنا ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حلال فوڈ اتھارٹی نے اب عملی طور پر آگےجانا ہے، اس ابھرتی ہوئی مارکیٹ میں پاکستان کا حصہ برائے نام ہے اور اس پر زیادہ تر غیرمسلم ممالک کا غلبہ ہے۔ حلال فوڈ مارکیٹ میں پاکستان کے بے شمار مواقع ہیں۔