کراچی : اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم فلسطین کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہوئے ہیں، انھوں نے فلسطینی صدرکوفون کرکے انہیں ساتھ کایقین دلایا کہ فلسطین کے مسئلے پر عالم اسلام کو اکٹھا کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل کے ہمارے فلسطینی مسلمانوں پرمظالم جاری ہیں، وزیراعظم نے صورتحال پر عالمی لیڈر کا کردار ادا کیا، نواز شریف کے دور میں وفود اسرائيل جایا کرتے تھے۔
حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے فلسطینی صدرکوفون کرکے انہیں ساتھ کایقین دلایا کہ فلسطین کے مسئلے پر عالم اسلام کو اکٹھا کیا جارہا ہے، وزیراعظم تمام مسلمانوں کیلئے ایک لیڈر بن کر ابھرے ہیں،جلد پاکستان بھی مدینہ کی طرح فلاحی ریاست بنےگی۔
انھوں نے مزید کہا کہ بڑے بڑے بھگوڑوں کےچہرے سامنے آرہے ہیں، جن لوگوں نے اس ملک کو لوٹا وہ لندن بھاگ رہےہیں، وزیراعظم فلسطین کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہوئے ہیں۔
گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے فلسطینی صدر محمود عباس سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے فلسطین کے عوام کی جائز حقوق کے لیے جاری جدوجہد کی مستقل حمایت کا اعلان کیا تھا۔
وزیراعظم عمران خان نے اسرائیلی فوج کے حملوں سے بچوں سمیت فلسطینی شہریوں کی اموات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ ’مسجداقصیٰ میں بے گناہ نمازیوں پر اسرائیلی فورسز کے حملے شرمناک ہیں‘