کراچی: تحریک انصاف کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ کو دل میں تکلیف ہوئی جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق عدالتی حکم پر سینٹرل جیل منتقل کیے جانے والے تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کو سینے میں درد کی شکایت ہوئی۔
زیرحراست رہنما نے دل کی تکلیف کے حوالے سے جیل حکام کو آگاہ کیا جس کے بعد انہیں معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
اپوزیشن لیڈر کی طبیعت ناسازی کا سُن کر رکن اسمبلی راجہ اظہر این آئی سی وی ڈی اسپتال پہنچے۔ رکن سندھ اسمبلی کا کہنا تھا کہ ’حلیم عادل شیخ کے ساتھ برا سلوک کیا جارہا ہے جس کی ذمہ دار جیل انتظامیہ ہے‘۔
مزید پڑھیں: انسداد دہشت گردی عدالت نے حلیم عادل شیخ کو ساتھیوں سمیت جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’کل جیل منتقل ہونے کے بعد حلیم عادل شیخ کو گینگ وار سمیت دیگر غنڈہ عناصر نے تشدد کا نشانہ بنایا‘۔ اُن کا کہنا تھا کہ اگر حلیم عادل شیخ کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ دار سندھ حکومت ہوگی۔
حلیم عادل شیخ کو دل میں تکلیف کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا ہے پی ٹی آئی ایم پی اے راجہ اظہر کیمطابق گزشتہ روز جیل منتقلی کے بعد گینگ وار کے غنڈوں نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا pic.twitter.com/BUoV3B1LEI
— Faizullah Khan (@FaizullahSwati) February 21, 2021
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ملیر میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں ہنگامہ آرائی کے بعد پولیس نے اپوزیشن لیڈر سندھ کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
پولیس نے عدالتی حکم پر حلیم عادل شیخ کو ایس آئی یو منتقل کیا جہاں اُن سے تفتیش کی گئی جبکہ اپوزیشن لیڈر سندھ کے خلاف دہشت گردی کی دفعہ کے تحت مقدمہ بھی درج کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: حلیم عادل شیخ اکیلے سانپ مار رہے تھے، کسی کو مدد کے لیے نہیں بلایا، پولیس رپورٹ
تین روز قبل عدالتی پیشی کے موقع پر حلیم عادل شیخ نے دعویٰ کیا تھا کہ اُن کے کمرے سے زہریلا سانپ برآمد ہوا، جسے انہوں نے خود ہی مار دیا تھا۔