اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

’ہمارا پاکستان، پیارا پاکستان‘ وزرائے اعلیٰ یک زبان

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی: یوم پاکستان 23 مارچ کی مناسبت سے پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے حب الوطنی سے سرشار نغمے ’امن کا نشان ، ہمارا پاکستان‘ کا ایک اور ٹریلر جاری کردیا جس میں چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ نے مبارک باد کے پیغامات ریکارڈ کرائے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق یوم پاکستان (قرار داد پاکستان) کی نسبت سے رواں سال بھی 23 مارچ کو سرکاری سطح پر شایانِ شان طریقے سے منایا جائے گا، اس ضمن میں ملک بھر میں جذبہ حب الوطنی سے سرشار تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ پریڈ گراؤنڈ میں چاروں مسلح افواج کے دستے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ بھی کریں گے۔

جہاں ایک طرف اسلام آباد میں پریڈ کی ریہرسل جاری ہیں وہیں قوم کے جذبے کو مزید بڑھانے کے لیے پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے نئے نغمے ’امن کا نشان، ہمارا پاکستان‘ کی مختلف ویڈیوز حصوں میں ریلیز کی جارہی ہیں جنہیں دیکھ کر قوم کا وطن سے عقیدت و محبت کا والہانہ اظہار کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں: یومِ پاکستان، پاکستانی خاتون نےملکی پرچم آسمانوں میں لہرا دیا

ڈی جی آئی ایس پی آر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یوم پاکستان کے حوالے سے بنائے جانے والے نغمے کی ویڈیو کا دوسرا حصہ جاری کیا جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، شہباز شریف (پنجاب)، پرویز خٹک (خیبرپختونخواہ)، مراد علی شاہ (سندھ)، عبدالقدوس بزنجو (بلوچستان) کے علاوہ  گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمان کا پیغام شامل ہے۔

چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کے منتخب وزرائے اعلیٰ نے یوم پاکستان پر قوم کو مبارک باد پیش کی اور وطن کی اہمیت و افادیت کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیاکہ ملک کی ترقی کے لیے ہم سب کو مل کر چلنا ہوگا۔

قبل ازیں آئی ایس پی آر کی جانب سے نغمے کی پہلی ویڈیو جاری کی گئی تھی جس میں ملک کے نامور صحافیوں نے اپنے پیغامات ریکارڈ کرائے تھے، ان نامور صحافیوں میں اے آر وائی کے نامور صحافی ارشد شریف نے بھی وطن سے محبت کا اظہار کیا ہے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں