ہفتہ, فروری 22, 2025
اشتہار

حماس نے آج رہا ہونے والے 6 یرغمالیوں کے نام بتا دیے، 2 رہا

اشتہار

حیرت انگیز

حماس نے جنگ بندی معاہدے کے تحت آج رہا ہونے والے 6 اسرائیلی یرغمالیوں کے نام بتا دیے، رہا ہونے کا عمل بھی شروع ہو گیا ہے اور 2 کو ریڈ کراس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

حماس کے مسلح ونگ قسام بریگیڈز کی جانب سے فلسطینی قیدیوں کے بدلے رہا کیے جانے والے اسرائیلی یرغمالیوں کے نام جاری کیے ہیں، جن میں 27 سالہ ایلیا کوہن، 22 سالہ عمر شیمتوف، 23 سالہ عمر وینکرٹ، 40 سالہ تل شوہم، ایویرا مینگستو اور ہشام السید شامل ہیں۔

یرغمالیوں کی رہائی کا عمل رفح میں شروع ہو گیا ہے، چھ میں سے دو یرغمالی رہا کر دیے گئے ہیں، ایویرا  مینگستو کو حماس نے 2014 میں پکڑا تھا، جب کہ تل شوہم 7 اکتوبر 2023 کو پکڑا گیا تھا۔ جب کہ دیگر یرغمالیوں کو نصیرات کیمپ میں رہا کیے جانے کی توقع ہے۔

آج ہفتے کی رہائی اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدے (جو 19 جنوری سے نافذ العمل ہوا تھا) کے رواں مرحلے کا آخری تبادلہ ہوگا۔

بدلے میں اسرائیل 602 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گا، ان قیدیوں میں وہ لوگ شامل ہیں جنھیں اسرائیل نے دہائیوں سے قید کر رکھا ہے۔ حماس نے جمعرات کو 4 یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کی تھیں، جن میں سے ایک خاتون شیری بیباس کی لاش خلط ملط ہو گئی تھی، بعد ازاں حماس نے جمعہ کو نئی لاش ریڈ کراس کے حوالے کی اور پرانی لاش کی واپسی کا مطالبہ کیا۔

ادھر مغربی کنارے پر اسرائیلی فورسز جارحیت سے باز نہیں آئی ہیں، جنین، نابلس اور طولکرم میں رات بھر اسرائیلی فورسز کی پر تشدد کارروائیاں جاری رہیں، نابلس میں اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے 2 بچے شہید ہو گئے۔

شیری بیباس کا معاملہ، حماس کی دی ہوئی نئی لاش اسرائیل پہنچ گئی

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو پر جنگی جنون سوار ہے، کہتے ہیں کہ حماس کے خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے، اور یقینی بنائیں گے کہ 7 اکتوبر جیسا حملہ دوبارہ نہ ہو۔

اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے نے طولکرم میں نیتن یاہو کے اقدامات پر کڑی تنقید کی، فرانسسکا البانی نے کہا کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) میں جنگی جرائم کے الزامات کا سامنا کرنے والے اسرائیلی وزیر اعظم نے اپنے غیر قانونی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا یہ اقدامات اسرائیل کو تاریخ کے ایک پریشان کن موڑ کی طرف لے جا رہے ہیں۔ یہ ضروری ہے کہ بین الاقوامی قانون کو نافذ کیا جائے، اسرائیل کو اس کے رہنماؤں سے شروع کر کے جواب دہ ٹھہرایا جائے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں