دوحہ: روس کے سفیر نے کہا ہے کہ حماس نے تین یرغمالیوں میں روسی شہری کو ماسکو کی درخواست پر رہا کیا ہے۔
الجزیرہ کے مطابق قطر میں روس کے سفیر دمتری ڈوگاڈکن نے تصدیق کی ہے کہ دہری شہریت کے حامل اسرائیلی روسی یرغمالی الیگزینڈر تروفانوف کو ماسکو کی درخواست پر جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے میں رہا کیا گیا۔
روسی سفیر نے سرکاری خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ ہمارا مؤقف رہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کا تنازعہ منصفانہ طور پر حل کیا جائے، حماس کی قیادت نے ہمارے اسی مؤقف کے احترام کی علامت کے طور پر روسی شہری کو پہلے مرحلے میں رہا کیا۔
![اسرائیلی یرغمالی](https://urdu.arynews.tv/wp-content/uploads/2025/02/israel-3.jpg)
انھوں نے یہ نشان دہی بھی کی کہ یہ روسی سفارتکاری کے لیے کوئی ’’پہلی کامیابی‘‘ نہیں ہے، نومبر 2023 میں بھی 3 روسی شہریوں کو ایک اسرائیلی شہری کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے دوران رہا کیا گیا تھا۔ روس کے سفیر نے کہا کہ حماس نے یہ اقدام بغیر کسی پیشگی شرط اور جذبہ خیر سگالی کے طور پر کیا ہے۔
حماس نے چھٹے تبادلے میں مزید 3 اسرائیلی یرغمالی رہا کر دیے
واضح رہے کہ آج چھٹے تبادلے میں حماس کی جانب سے 3 مزید اسرائیلی یرغمالی رہا کیے گئے ہیں، یرغمالی اچھی جسمانی حالت میں تھے، جن میں الیگزینڈر تروفانوف، ساگوئی ڈیکل چن اور یائر ہارن شامل ہیں۔ دوسری طرف آج تبادلے کے نتیجے میں اسرائیل کی قید سے 369 فلسطینیوں کو رہا ہونا ہے، جس کا آغاز ہو گیا ہے۔
حماس کا کہنا ہے کہ اسے توقع ہے کہ غزہ جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے پر اسرائیل کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات اگلے ہفتے شروع ہوں گے۔