فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے اہلکار نے اسرائیلی قیدی کو قتل کردیا، اسرائیلی قیدی کو قتل کیے جانے کی اہم وجہ بھی سامنے آگئی۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ کا کہنا تھا کہ اسرائیلی قیدیوں کی حفاظت پر معمور اہلکار کو جب یہ معلوم ہوا کہ اس کے 2 بچوں کو شہید کردیا گیا ہے تو طیش میں آکر اس نے اسرائیلی کو ہلاک کردیا۔
ابوعبیدہ کے مطابق یہ واقعہ قیدیوں کے ساتھ برتاؤ کے حوالے سے ہماری اقدار اور مذہبی تعلیمات کی عکاسی نہیں کرتا ہے اور قیدیوں پر حملے کے 2 واقعات کے بعد ہم اس حوالے سے ہدایات کو سخت کریں گے۔
ابوعبیدہ نے بتایا کہ فلسطینیوں کے ساتھ اسرائیلی فوج کے مظالم کے باعث اسرائیلی قیدیوں کو جن خطرات کا سامنا ہے اس کی مکمل ذمہ داری اسرائیل پر عائد ہوتی ہے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ٹیلی گرام پر حماس کی جانب سے قتل ہونے والے اسرائیلی کی تصویر بھی شائع کی گئی ہے۔
غزہ میں ظلم جاری، شہید فلسطینیوں کی تعداد 40 ہزار سے تجاوز کرگئی
واضح رہے کہ فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ کی جانب سے یہ اعلان سامنے آیا تھا کہ اس کے ایک محافظ کی جانب سے حماس کی قید میں موجود ایک اسرائیلی کو مار دیا گیا ہے۔