پیر, جولائی 7, 2025
اشتہار

غریبوں کو سہانے خواب دکھانے والے حکومت میں آکر تبدیل ہوگئے، حمزہ شہباز

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غریبوں کو سہانے خواب دکھانے والے حکومت میں آکر تبدیل ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے حکومت سے گیس قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ غریبوں کو سہانے خواب دکھانے والے حکومت میں آکر تبدیل ہوگئے، مہنگائی کا کوڑا برساتے ہوئے وزیر خزانہ اسد عمر کو اپنے اعلانات یاد نہیں رہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن غریبوں، مزدوروں، محنت کشوں، کمزور اور متوسط طبقات کے حقوق کے لیے ماضی کی طرح آواز بلند کرتی رہے گی۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ن لیگ کے گزشتہ پانچ سالہ دور حکومت میں 12 ہزار میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ اسٹیشن میں شامل کی گئی مگر اب ایک بار پھر لوڈ شیڈنگ میں اضافہ ہوگیا ہے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرکے ثابت کیا ہے کہ نئے پاکستان کا نعرہ لگانے والوں کے پاس نئے پاکستان کے کھوکھلے دعوؤں کے سوا کچھ نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: گیس کی قیمتوں میں اضافے کا زیادہ تر بوجھ امیر طبقے پر ڈالا گیا ہے، وزیر پیٹرولیم

واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا، وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ گیس میں10سے 15 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جو 252 روپے گیس کا بل دے رہا تھا، اب 275 روپے دے گا، جو 480روپے گیس کا بل دے رہے تھے اب 520روپے دیں گے، کیٹگری میں 2ہزار 151روپے گیس کا بل دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ برآمدی زیرو ایٹڈ سیکٹر کیلئے گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا، برآمدی سیکٹرز کو سبسڈائز آر ایل این جی دیں گے، ایسے اقدامات سے ہمارا برآمدی سیکٹر عالمی سطح پر مقابلہ کرسکے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں